پاکستانی خبریں

آڈیو لیکس پر کابینہ کا بڑا فیصلہ،عمران خان اور ان کی ٹیم کے خلاف ایف آئی اے قانونی کارروائی کرے گی

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان میں وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس پر سابق وززیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

30 ستمبر کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تشکیل دی جانے والی خصوصی کمیٹی نے گزشتہ روز یکم اکتوبر کو ایک اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان، ان کے ساتھی وزرا اور سابق سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری کی درخواست کی تھی جس کی اب وفاقی کابینہ نے منظوری دی ہے۔’ڈپلومیٹک سائیفر’ سے متعلق آڈیو لیک پر ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان اور ان کے ٹیم کے خلاف کارروائی سے متعلق سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا جس کی وفاقی کابینہ نے ‘سرکولیشن’ کے ذریعے منظوری دی ہے۔

کابینہ کی کمیٹی نے سفارش کی کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے قومی مفادات پر سنگین مضر اثرات ہیں، قانونی کارروائی لازم ہے۔ ایف آئی اے سینیئر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے۔ ایف آئی اے انٹیلی جنس اداروں سے بھی افسران اور اہلکاروں کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم جرم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

۔ڈپلومیٹک سائیفر سے متعلق عمران خان کی پہلی آڈیو 28 ستمبر کو منظر عام پر آئی تھی۔ڈپلومیٹک سائیفر سے متعلق عمران خان کی دوسری آڈیو 30 ستمبر کو منظر عام پر آئی۔آڈیو لیکس میں عمران خان، اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سائیفر تبدیل کرنے کے بارے میں مشورہ کر رہے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button