پاکستانی خبریں

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا تمام ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جایئں : وزیراعظم کی متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت

خلیج اردو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے زیر التوا منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں فوری طور پر دور کریں

.

وزیراعظم نے سعودی عرب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس، جو کہ وفاقی وزیر براۓ سرمایہ کاری بورڈ چوھدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان پر مشتمل ہے کو بھی خصوصی ہدایت کی کہ وہ سعودی وفد کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر  مسائل کا حل نکالے.

 

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لیے دوسرے گھر جیسا ہے اور پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں .

 

وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت  توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تا کہ  زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جا سکے .

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاز پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے. سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے. وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح  سے مدد کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ  محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا.

 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے  گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور  سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا.

 

سعودی وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری نے کی.ملاقات میں وفاقی وزیر براۓ سرمایہ کاری بورڈ چوھدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ،معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف الملکی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی.

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button