خلیجی خبریں

سعودی عرب پاکستانی ہنرمندوں کو روانگی سے قبل تربیت فراہم کرے گا، ماجد بکر بکر

خلیج اردو: پاکستان میں سعودی عرب کے لیبر اتاشی ماجد بکر بکر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی ہنر مندوں کو ملک کے اندر تربیت دینے کے کئی منصوبے شروع کرنے والا ہے تا کہ وہ وہاں پہنچنے سے قبل ہی مکمل طور پر تربیت یافتہ ہوں اور وہاں درکار معیار کے عین مطابق بھی ہوں۔

انہوں نے مؤقر ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا سعودی کمپنیاں پاکستان سے ہنرمند افراد کو بلانا چاہتی ہیں کیونکہ وہاں پر بہت زیادہ کام ہو رہے ہیں، ورکرز کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔

ماجد بکر بکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہم یہاں کے مقامی اداروں کے ساتھ معاہدے کریں گے، کچھ شرائط رکھیں گے تاکہ وہ ہمارے معیار پہ پورا اتر سکیں۔

انہوں نے کہا پاکستانی ہنرمندوں کا ٹیسٹ یہاں پاکستان میں ہی لیا جائے گا جس کے بعد وہ سعودی عرب جانے سے قبل ہی نوکریوں کے لیے منتخب ہو جائیں گے، ہنرمندوں کے ٹیسٹ لینے کا کام ویزوں کے اجرا سے قبل ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا وہ اس ضمن میں حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، سعودی عرب کو پروفیشنل ورکرز کی ضرورت ہے۔

سعودی عرب کے سینئر سفارتکار نے واضح کیا کہ ہمارے شروع کیے جانے والے منصوبوں کے باعث پاکستانی ہنرمندوں کی تربیت پاکستان کے اندر ہو گی اور ویزہ لینے سے پہلے وہ پاکستان کے اندر سعودی معیار کا ٹیسٹ بھی پاس کریں گے جس کے بعد انہیں ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔

ماجد بکر بکر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا انہیں درست تعداد کا علم نہیں ہے لیکن سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کے تحت نیوم اور دیگر نئے شہر تعمیر کیے جا رہے ہیں جس کے لیے انہیں مزید ورکرز کی ضرورت ہے۔ ان شہروں میں بڑی کمپنیوں کو زیادہ کارکنوں کی ضرورت ہے۔

ایک خصوصی انٹرویو میں سعودی عرب کے لیبر اتاشی ماجد بکر بکر نے کہا اس وقت سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button