خلیجی خبریںعالمی خبریں

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ، وجہ کیا ہے، حکام نےنوٹس لے کر وضاحت کردی

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں ڈیزل مہنگا ہونے کی افواہوںکی وجہ سے ڈیزل کی مصنوعی قلت کا حکومت نے سخت نوٹس لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں 52 روپے لیٹر اضافے کی افواہوں کی وجہ سے مافیا نے ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کردی۔ حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا

سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کسانوں کی جانب سے ڈیزل کی قلت کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

ڈیزل کی قلت پر سیکرٹری پٹرولیم علی رضا بھٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی ورچوئل اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اوگرا،پی ایس او حکام اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں۔ 21 دنوں کا ڈیزل اور 31 دنوں کا پٹرول موجود ہے۔

ذرائع وزارت توانائی کے مطابق ڈیزل 52 روپے مہنگا ہونے کی افواہوں پر مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو چھاپے مارنے کی ہدایات جاری کردیں ۔ملوث ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائینگے۔

ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ڈیزل اور پٹرول کی مناسب مقدار دستیاب ہے۔ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا

اس وقت ملک میں تیل کمپنیوں کے دس ہزار کے لگ بھگ مجاز ڈیلرز ہیں جبکہ بڑی تعداد میں بغیر لائسنس ڈیلرز ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں ۔گندم کی کٹائی کی وجہ سے ڈیزل کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ڈیزل کی یومیہ کھپت 23 ہزار سے بڑھ کر 33 ہزار ٹن ہو گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button