پاکستانی خبریںخلیجی خبریںعالمی خبریں

پاکستان اور قطر کے تعلقات میں نیا موڑ : دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ، وزیر اعظم شہباز شریف کو امیر قطر کا ٹیلی فون

خلیج اردو
اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کو امیر قطرشیخ تمیم بن حماد آلثانی نے ٹیلیفون کیا ہے اورشہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنھبالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان قطر تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں پوری حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے عزت مآب امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا – جس میں تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، مواصلات ، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے سیکیورٹی ، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لئے قطر کے اقدامات کو بھی سراہا۔

وزیر اعظم نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک افغان عوام کے لئے امن ، استحکام اور انسانی امداد کے لئے مل کر کام کرتے رہیں۔

وزیر اعظم نے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔دونوں رہنماؤں نے قریبی باہمی روابط مضبوط کرنے اور پاکستان قطر تعلقات میں استحکام اور مزید وسعت لانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں قطر کے سفیر عزت مآب شیخ سعود عبدالرحمن الثانی نے بھی ملاقات کی اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر قطری قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی قطر کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے قطری قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغامات پر قطری سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر پاکستان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بالخصوص وزیراعظم نے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت کار کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ اور افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

قطر خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی آبادی کا گھر ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین عقیدے اور اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عزت مآب جناب نواف بن سید المالکی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی سفیر نے وزیر اعظم کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اور دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور سٹرٹیجک تعلقات کے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، متبادل ایندھن اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے تجربے سے استفادہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button