خلیجی خبریں

سعودی عرب میں میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 4 پاکستانیوں سمیت 9 افراد جاں بحق

سعودی فیملی کی کار سامنے سے آنے والی پاکستانی تارکین کی پک اپ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کے مسافر جاں بحق ہو گئے

سعودی عرب کے شہر حائل میں ایک خوفناک حادثے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 4 پاکستانی تارکین بھی شامل ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق یہ حادثہ حائل شہر سے 250 کلومیٹر دُور پیش آیا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پانچ افرادپر مشتمل سعودی خاندان اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا جب سامنے سے آنے والی ایک پک اپ ان کی کار سے ٹکرا گئی۔

جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ جس کے باعث ایک ہی سعودی خاندان کے پانچ افراد اور پک اپ میں سوار چاروں پاکستانی موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ جب تک ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچتیں، کوئی مسافر بھی زندہ نہیں بچا تھا۔

تمام بدنصیبوں کو حائط کمشنری کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سعودی فیملی حائل کی رہائشی تھی۔

اس خاندان کا سربراہ حائل میں پولیس سارجنٹ تھے جن کا نام مرزوق الرشیدی بتایا گیا ہے۔ مرزوق اپنی بیوی ، دو بیٹیوں اورایک بیٹے کے ہمراہ اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں جا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے اپنے 17 سالہ بڑے بیٹے کو گھر پر ہی چھوڑ دیا تھا، ورنہ اس کی زندگی بھی شاید محفوظ نہ رہ پاتی۔ جبکہ پک اپ میں سوار پاکستانی بھی ایک دوسرے کے جاننے والے تھے۔
فی الحال پاکستانی کارکنوں کی شناخت نہیں ہو سکی ۔

واضح رہے کہ اسی ماہ کے دوران طائف میں ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد دُنیا سے چل بسے تھے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ یہ حادثہ طائف میں حوضون روڈ پر صبح 3 بجے پیش آیا تھا جب ایک تیز رفتار کار اپنے سے آگے جاتے ٹرک میں جا گُھسی ۔ یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ گاڑی ٹرک کے پچھلے حصے میں اندر تک دھنسنے کے باعث پُوری طرح پچک گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ کافی تگ و دو کے بعد ٹرک میں دھنسی ہوئی گاڑی کو باہر نکالا گیا۔ تاہم امدادی عملے کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب کار میں سوار 7 افراد کے موقع پر ہی جاں بحق ہونے کا پتا چلا۔ گاڑی میں صرف ایک بچہ زندہ بچ پایا تھا، جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کو حادثے کے دوران دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔ زخمی بچ کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم تشویش ناک حالت کے باعث اس کی ایک روز بعد موت واقع ہو گئی۔

 

Source : Gulf News

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button