خلیجی خبریںعالمی خبریں

رمضان میں بلا اجازت عمرہ ادا کرنے پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

خلیج اردو: سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں بلااجازت عمرہ کے لیے جانے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں اجازت کے بغیر عمرہ کی ادائیگی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جو بھی شخص اجازت نامے کے بغیر عمرہ ادا کرنے جائے گا اسے 10 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق حکومت رمضان المبارک میں صرف ان لوگوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے گی جو کورونا ویکسین لگواچکے ہوں گے لہٰذا جن کو عمرہ ادا کرنے کے لیے حکومتی اجازت نامہ درکار ہے ان کے لیے لازم ہے کہ وہ کورونا کی 2 ویکسین لازمی لگوائیں۔سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صرف عمرہ نہیں بلکہ حرم شریف میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے لیے بھی اجازت نامہ درکار ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے والے افرد کے لیے بھی کورونا کی 2 ویکسین لگوانا لازم ہیں، خلاف ورزی کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق یہ پابندیاں رمضان المبارک میں زیادہ رش کے سبب کورونا وبا کے پھیلاو کو کم کرنے کے لیے لگائی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد کروانے کے لیے سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے سعودیوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنا چاہتے ہوں یا نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام جانے کے خواہش رکھتے ہوں ان کے لیے اجازت نامہ لینا ضرری ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور مقررہ نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے-

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button