خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

دبئی ایکسپو 2020 میں افغانستان کا پویلین ویران

خلیج اردو: آئندہ 6 ماہ تک دبئی میں جاری رہنے والی اس نمائش میں جو ممالک شریک میں ان میں افغانستان بھی شامل ہے تاہم وہاں اگست کے مہینے میں آنے والی سیاسی تبدیلی کے بعد نمائش میں اس کا پویلین ویران پڑا ہوا ہے۔

افغانستان کی اشرف غنی حکومت نے اس نمائش کے حوالے سے تیاری جاری رکھی ہوئی تھیں تاہم طالبان کے ملک پر کنٹرول اور سابقہ حکومت کے خاتمے کے بعد دبئی ایکسپو میں افغانستان کے پویلین میں کام رک گیا۔

اب یہ واضح نہیں کہ نمائش کے دوران افغانستان کا پویلین کسی مرحلے پر کھولا جائے گا یا نہیں۔

جس عمارت میں افغان پویلین موجود ہے اس پر تعینات گارڈ نے بتایا کہ پویلین میں کام پورا نہیں ہوا اور یہ عام لوگوں کیلئے بند ہے، کئی ہفتوں سے یہاں کوئی آیا بھی نہیں۔

ایکسپو کے ایک نمائندے نے برطانوی خبر رساں ایجنسی (رائٹرز) کو بتایا کہ افغانستان کا پویلین نمائش کے چھوٹے پویلینز میں سے ایک ہے۔

نمائندے نے کہا کہ مزید تفصیلات افغان پویلین ٹیم ہی بتا سکتی ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ افغان ٹیم کہاں ہے اور اس میں کون کون شامل ہے۔

اس حوالے سے دبئی حکومت اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے بھی تبصرے سے گریز کیا۔

اس سے قبل ایکسپو حکام نے کہا تھا کہ یہ نمائش غیر سیاسی ہوگی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جمعرات کو ہونے والی دبئی ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں افغانستان کے دستے نے طالبان نہیں بلکہ افغانستان کے قومی پرچم کے ساتھ مارچ پاسٹ کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button