خلیجی خبریں

ایمیزون کی جانب سے سعودی خواتین کیلئے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان

خلیج اردو: دنیا کی بڑی ای کامرس کمپنی ایمیزون نے سعودی خواتین کے لیے ملازمت کے مواقع فراہم کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ایمیزون کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی خواتین کے لیے لاجسٹکس اور ڈیلیوری انڈسٹریز میں ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔

یہ پروگرام گزشتہ برس ریاض، جدہ، ابہا اور دمام میں شروع کیا گیا تھا، رواں سال یہ پروگرام جازان، قصیم، مکہ، مدینہ اور ھفوف میں شروع کیا جا رہا ہے، اس سے خواتین میں لاجسٹک صنعت میں کام کرنے کے لیے خاصی دل چسپی پیدا ہوئی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق ایمیزون کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا آپریشنز کے ڈائریکٹر پرشانت سرن نے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کے لیے مزید جامع اور مساوی ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے، جو سعودی عرب کی قومی تبدیلی کے سفر کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

انھوں نے کہا ہمیں سعودی عرب میں باصلاحیت خواتین کو مستقبل کے اس شعبے میں مواقع فراہم کرنے اور ملک بھر میں مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔

ایمیزون کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی خواتین کو ہنر اور ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی، جو مناسب لاجسٹکس اور ڈیلیوری کے کردار میں کامیاب ہونے کے لیے درکار ہے۔

سعودی خواتین کے روٹس میں یونیورسٹیوں، اسپتالوں، کمپاؤنڈز اور اسکولوں تک ڈیلیوری شامل ہوگی، اور ان کی انفرادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر شفٹوں کے لیے کام کے اوقات میں اضافی لچک رکھی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button