خلیجی خبریں

کویت کی پارلیمنٹ کوباضابطہ طور پرتحلیل کرنے کا اعلان

خلیج اردو: کویت کے ولی عہد نے منگل کو جاری کردہ ایک امیری فرمان کے تحت پارلیمنٹ کو باضابطہ طور پرتحلیل کردیا ہے۔خلیجی عرب ریاست کے ولی عہد نے امیرِحکومت کی جانب سے حاصل اختیارات کے تحت حکومت اور منتخب پارلیمنٹ کے درمیان تعطل کو دورکرنے کی کوشش میں یہ فیصلہ کیا ہے۔

امیرکویت کے بیشترفرائض سنبھالنے والے ولی عہد شیخ مشعل الاحمدالصباح نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ کو تحلیل کررہے ہیں اورقبل ازوقت انتخابات کرانے کا اعلان کریں گے۔ پیر کو انھوں نے نئے نامزدوزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کی منظوری دی تھی۔

شیخ مشعل نے پارلیمان کوتحلیل کرنے کے حکم نامے میں کہا:’’سیاسی منظرنامے کودرست کرنے کے لیے، ہم آہنگی اورتعاون کے فقدان پیش نظرایسا طرزعمل،جو قومی اتحاد کو کمزور کرتا ہے،اس کو درست کرنے کے لیے عوام سے رجوع کرناضروری ہوجاتا ہے‘‘۔

کویت کے آئین کے آرٹیکل 107 کی بنیاد پراس فیصلے کا مقصد ملک میں سیاسی راستہ درست کرنا ہے۔امیرِکویت شیخ نواف الاحمد الجابرالصباح کی جانب سے ایک تقریر میں شیخ مشعل نے کہا تھا کہ’’ہم نے قومی اسمبلی کوتحلیل کرنے اور عام انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کیاہے۔عوام خود ان لوگوں کا انتخاب کرکے سیاسی منظرنامے کو درست کرسکتے ہیں جو ان کی مناسب نمائندگی کرتے ہیں‘‘۔

کویت کی سابقہ حکومت نے اپریل میں وزیراعظم شیخ صباح الخالد کے خلاف پارلیمنٹ میں عدم تعاون کی تحریک سے قبل استعفا دے دیا تھا۔ان کی جگہ گذشتہ ماہ کے آخر میں موجودہ امیر کے بیٹے شیخ احمد نواف الصباح کووزیراعظم نامزدکیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کویت نے سیاسی جماعتوں پرپابندی عاید کررکھی ہے لیکن اس کی مقننہ کودیگرخلیجی بادشاہتوں میں اسی طرح کے اداروں کے مقابلے میں زیادہ اثرورسوخ اوراختیارات حاصل ہیں۔

کویت میں حکومت اور پارلیمنٹ کے درمیان تعطل کی وجہ سے گذشتہ کئی دہائیوں میں کئی مرتبہ کابینہ میں ردوبدل کیا گیا ہے اورمقننہ کو تحلیل کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری اور اصلاحات میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔آخری مرتبہ 2016ء میں پارلیمان کو تحلیل کیا گیا تھا

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button