خلیجی خبریں

عراق میں مٹی کا طوفان ، آسمان نارنجی رنگ میں تبدیل

خلیج اردو: بغداد سمیت عراق کے مختلف شہروں میں مٹی کے طوفان کے باعث آسمان نارنجی اور پیلے رنگ میں تبدیل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عراق کا دارالحکومت بغداد اورنجف سمیت مختلف شہر نارنجی اور پیلے گرد کے غبار اور بادلوں سے ڈھک گئے۔

مٹی کے طوفان سے عراق کے چھ صوبوں میں معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ ایک شخص جاں بحق اور پانچ ہزار افراد اسپتال میں داخل ہوگئے۔

حکام نے لوگوں کو گھروں سے باہرنہ نکلنے کی ہدایت کردی ہے، وزیر ماحولیات نے وارننگ دی ہے کہ عراق کو 272 دنوں تک مٹی کے طوفان کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں ساتویں بار مٹی کا طوفان آنے سے ہزاروں افراد سانس لینے میں دشواری کا سامنا کررہے ہیں۔

وزیر صحت سیف البدر کا کہنا ہے کہ طوفان سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ ہزار سے زائد افراد کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صوبہ الانبار کے اسپتالوں میں 700 سے زیادہ مریضوں کو لایا گیا جبکہ وسطی صوبہ صلاح الدین میں 300 سے زیادہ جبکہ وسطی صوبے دیوانیہ اور دارالحکومت بغداد کے جنوب میں واقع صوبہ نجف میں سے ہر ایک میں 100 کے قریب کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button