خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

’ایمریٹس ایئرلائن دبئی اسٹاک مارکیٹ میں شامل ہو سکتی ہے

خلیج اردو: ایمریٹس ایئرلائن کا کہنا ہے کہ دبئی کی حکومت ایئر لائن سمیت 10 کمپنیوں کو اسٹاک ایکسچینج میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کےمطابق ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹِم کلارک نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں بات چل رہی ہے جو ماضی کے مقابلے میں زیادہ وزن رکھتی ہے۔

صدر ٹِم کلارک کا کہنا تھا کہ میں ہدایات کا انتظار کر رہا ہوں کہ اس سے ایمریٹس گروپ پر کیا اثر پڑے گا؟ دبئی کی حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ اس پر منحصر ہے، مجھے جو کہا جائے گا میں کردوں گا۔
اس سے قبل ایمریٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم بھی رواں ماہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ایسا ہونا ممکن ہے۔

کرونا کی وبا میں دنیا کی حکومتوں نے ایئرلائنز کی بحالی کے لئے اربوں ڈالرز خرچ کیے، اسی طرح ایمریٹس کو بھی حکومت کی جانب سے 3.8 ارب ڈالرز ملے۔

ایمریٹس نے اپریل سے ستمبر تک 5.8 ارب درہم کا خسارہ ظاہر کیا تھا جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 12.6 ارب درہم تھا، تاہم کمپنی کے صدر نے کہا کہ انہیں اگلے برس مزید حکومتی مدد ملنے کی توقع نہیں ہے جب تک کہ کرونا کی نئی قسم بہت متاثر نہ کردے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کیش پوزیشن بہتر کر رہے ہیں، اگر اومی کرون نے زیادہ متاثر نہ کیا تو ہم مزید مدد کی توقع نہیں کرتے، ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایمریٹس کو رواں برس بھی نقصان ہوگا، لیکن یہ گزشتہ 12 مہینوں کے مقابلے میں بہت کم ہوگا۔

ایمریٹس ایئرلائن کے صدر ٹِم کلارک کا کہنا تھا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گذشتہ چھ یا سات مہینوں میں ہم منافعے کی طرف لوٹ آئے ہیں، 2022 میں کمپنی کو ’بریک ایون‘ یا منافع کی توقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button