خلیجی خبریں

کویت کی شاہراہوں پر جگہ جگہ 13 سالہ بچے محمد العوضی کی تصاویر کے ہورڈنگز لگ گئے

خلیج اردو: کویت کی شاہراہوں پرجگہ جگہ 13 سالہ بچے محمد العوضی کی تصاویر کے بڑے بڑے ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔ ایئر پورٹس سمیت عوامی مراکز میں بھی "شکرا،،، یا بطل” کے کلمات پر مبنی پینافیلکس نظر آتے ہیں۔ محمد العوضی نامی اس بچے نے ایسا کونسا کارنامہ سر انجام دیا کہ پوری قوم اسے خراج تحسین پیش کر رہی ہے؟

محمد العوضی نے گزشتہ دنوں دبئی میں ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ میں اسرائیلی کھلاڑی کا مقابلہ کرنے سے انکار کر دیا، حالانکہ وہ اس انڈر فورٹین ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا جس میں 50 ممالک کے 300 کھلاڑی شریک تھے، لیکن جب اسے پتہ چلا کہ اس کا مقابلہ اسرائیلی ریاست کے کھلاڑی سے ہے تو اس نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

کویتی سوشل میڈیا صارفین نے اسے قومی ہیرو قرار دے کر کہا کہ اس نے مسلم امہ کے مستند موقف اور قومی ضمیر کے مطابق بہترین فیصلہ کیا ہے۔ فلسطینی تحریک حریت کے ترجمان کا بھی کہنا ہے کہ محمد العوضی کا اقدام کویتی عوام، امیر کویت، حکومت اور عوام کے اعلیٰ قومی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔ اسرائیلی ریاست کے ساتھ کھیلوں سے انکار فلسطینی کاز کی فتح ہے۔ العوضی کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصویر کو بھی غیر معمولی طورپر پسند کیا گیا اور وہ وائرل ہوگئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button