خلیجی خبریں

نماز جمعہ کے اجتماع کیلئے مسجد نبویﷺ میں لوگوں کا سمندر

1 لاکھ سے زائد نمازیوں کی شرکت، نمازیوں کی جانب سے حکومتی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا گیا

مدینہ منورہ : نماز جمعہ کے اجتماع کیلئے مسجد نبویﷺ میں لوگوں کا سمندر امڈ آیا، 1 لاکھ سے زائد نمازیوں کی شرکت، نمازیوں کی جانب سے حکومتی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے بعد سعودی عرب میں کرونا لاک ڈاون پابندیوں میں نرمی کر دی گئی تھی۔ پابندیوں میں نرمی کرنے کے فیصلے تحت مساجد میں نماز کی ادائیگی کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔

پابندیاں ہٹنے کے بعد مملکت کی مساجد میں لوگ باقاعدگی سے باجماعت نماز ادا کر رہے ہیں۔ آج جمعہ کے روز مدینہ منورہ میں واقع مسجد نبویﷺ میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ آج نماز جمعہ کیلئے مسجد نبویﷺ میں مسلمانوں کا سمندر امڈ آیا۔ 19 جون کی نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد نبوی میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔

مسجد نبویﷺ میں اتنی بڑی تعداد میں نمازیوں کی آمد کے باوجود ایس او پیز کی بالکل کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔

تمام نمازیوں نے فیس ماسک پہن رکھے تھے، جبکہ نمازیوں کے درمیان طے شدہ فاصلہ بھی برقرار رکھا گیا۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ کی مساجد بھی کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مارچ کے ماہ میں مکہ مکرمہ اور مملکت میں واقع تمام مساجد باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے بند کر دی گئی تھیں۔ عید الفطر کے بعد سعودی عرب کے دیگر شہروں کی مساجد تو کھول دی گئیں، تاہم مکہ مکرمہ کی مساجد بند رہیں۔ اب سعودی حکومت نے 3 ماہ کی طویل بندش کے بعد مکہ مکرمہ کی مساجد بھی کھول دی ہیں۔

 

Source : UP

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button