خلیجی خبریں

قطر ائیر ویز نے پاکستان کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا

خلیجی ائیرلائن کی جانب سے 5 پاکستانی شہروں سے ہفتہ وار 60 سے زائد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی

قطر ائیر ویز نے پاکستان کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا، خلیجی ائیرلائن کی جانب سے 5 پاکستانی شہروں سے ہفتہ وار 60 سے زائد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق خلیجی ملک قطر کی ائیرلائن قطر ائیر ویز نے بین الاقوامی فضائی سفر کرنے والے پاکستانی اور دیگر مسافروں کی سہولت کیلئے خصوصی اعلان کیا ہے۔

قطر ائیرویز نے پاکستان سے بیرون ممالک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد میں واضح اضافہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم جنوری 2022ء سے قطر ائیرویز پاکستان سے دوحہ کے درمیان ہفتہ وار 63 بین الاقوامی پروازیں آپریٹ کرے گی۔ خلیجی ائیرلائن نے پاکستان کے 5 شہروں سے بیرون ملک پروازیں آپریٹ کرنے کا پلان بنایا ہے، سب سے زیادہ پروازیں لاہور ائیرپورٹ سے آپریٹ ہوں گی۔

اس حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق قطر ائیرویز یکم جنوری 2022ء سے لاہور سے 17،اسلام آباد سے18،کراچی سے 14جبکہ سیالکوٹ اور پشاور سے 7،7 ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کرے گی۔ قطر ائیر ویز کی جانب سے پاکستانیوں کو دنیا کے دیگر ممالک تک رسائی دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس بحران کی وجہ سے تقریباً 2 سال تک بدترین بحران کا شکار رہنے کے بعد اب دنیا کی تمام ہی ائیرلائنز اپنے معمول کے آپریشنز بحال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

ائیرلائنز کی جانب سے کرونا بحران کے دوران ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے مختلف پلانز پر عمل کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق تمام تر کوششوں کے باوجود دنیا کی بیشتر ائیرلائن کو کرونا سے پہلے والی پوزیشن پر واپس پہنچنے میں ابھی بھی کافی وقت درکار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button