خلیجی خبریں

شام نے اسرائیلی حملے کے چند گھنٹے بعد ہی دمشق کیلئے پروازیں معطل کردیں۔

خلیج اردو: شام کی وزارت ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ شام نے بروز جمعہ اسرائیل کیجانب سے ہونیوالے فضائی حملوں سے فضائی پٹی اور ایک ٹرمینل کو نقصان پہنچنے کے بعد، فوری طور پر دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی پروازوں کو "اگلی اطلاع تک” معطل کر دیا۔

شام کے ایک فوجی اہلکار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے حوالے سے بتایا کہ شام کے فضائی دفاعی سسٹم نے اسرائیلی میزائلوں کو روک دیا اوران میں سے بیشتر کو مار گرایا، لیکن صبح سویرے ہونے والے حملے سے ایک شہری کے زخمی ہونے اور کچھ مادی نقصان کی اطلاع ہے۔

شام کی ایک نجی فضائی کمپنی چام ونگز ایئرلائن نے کہا کہ وہ متبادل طور پرحلب بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے اپنی تمام پروازوں کا رخ کر رہی ہے۔

وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہوائی اڈے نے تمام پروازیں معطل کردی ہیں، بعدازاں جاری ہوئے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فضائی حملوں سے رن وے اور ایک ٹرمینل کو نقصان پہنچا۔

وزارت کے دوسرے بیان میں کہا گیا ہے کہ "اس نقصان کے نتیجے میں ہوائی اڈے پر تمام آنے اور جانے والی پروازوں کو اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔”

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے جمعہ کو کہا کہ اسرائیلی بمباری سے ہوائی اڈے کے قریب واقع "ایرانی ملیشیا کے گوداموں” کو نشانہ بنانے کے بعد رن وے کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے شامی ہم منصب فیصل مقداد کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے اس حملے کو "شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی اوربین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کے منافی” قرار دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button