خلیجی خبریں

میرا ڈونا کی یاد میں بارسلونا اور بوکا جونئیر کے درمیان میچ منگل کو کھیلا جائیگا

خلیج اردو: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فٹ بال کے لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منگل 14 دسمبر کو بارسلونا اور بوکا جونئیر میراڈونا کپ کے تحت تاریخی مقابلے میں مدمقابل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق نومبر 2020 میں انتقال کر جانے والے ارجٹینا کے معروف کھلاڑی میراڈونا کا شمار فٹ بال کی تاریخ کےعظیم ترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔

سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’میراڈونا کپ کے تحت 14 دسمبر کو بارسلونا اور بوکا جونئیر کے درمیان ہونے والا میچ فٹ بال لیجنڈ میرا ڈونا کے اعزاز میں یہ ایک تاریخی میچ ہے، لیجنڈ کبھی نہیں مرتے۔‘
واضح رہے کہ میراڈونا نے بارسلونا جانے سے پہلے 1981 میں بوکا جونیئرز کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جہاں انہوں نے 1984 تک دو سیزن کھیلے۔
میراڈونا نے 1968 میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اپنی شاندار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
میرا ڈونا نے اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال میں ارجنٹینا کی کپتانی کرتے ہوئے اپنے ملک کو دوسری بار فٹ بال کا عالمی چیمپئن بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔
1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی فتح کے ایک سال بعد میرا ڈونا نے جدہ میں سعودی الاہلی ٹیم کے ساتھ ایک دوستانہ میچ میں حصہ لیا تھا۔
میراڈونا کپ میچ ریاض سیزن 2021 کے حصے کے طور پر پہلی بار منعقد ہونے والے ایونٹس میں سے ایک ہے۔
دیگر ایونٹس میں جنوری 2022 میں پیرس سینٹ جرمین اور سعودی کلبوں الہلال اور النصر کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے درمیان ایک میچ شامل ہے۔
ریاض میں میراڈونا کپ کے تحت بارسلونا اور بوکا جونئیر کے درمیان ہونے والے فٹ بال میچ کی ٹکٹیں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
ریاض سیزن انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے مختلف ٹکٹیں رکھی گئی ہیں۔‘
’میچ کے ٹکٹ کی قیمت شروعات 65 ریال سے ہوتی ہے اور اس کی مہنگی ترین ٹکٹ 12500 ریال تک ہے۔‘
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’دونوں عالمی ٹیموں کے درمیان میچ سٹار فٹبالر میراڈونا کی یاد میں پہلی مرتبہ منعقد ہو رہا ہے۔‘

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button