خلیجی خبریں

پاکستان سے سعودیہ جانے والوں کا رش‘ سعودی ایئرلائن نے پروازوں میں اضافہ کردیا

السعودیہ کی پرواز ایس وی 889 پندرہ دسمبر سے ہفتے میں 4 روز اتوار ، پیر ، بدھ اور جمعے کو اسلام آباد سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے لیے اڑان بھرے گی

سعودی عرب جانے کے لیے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد پاکستان سے سعودیہ جانے والوں کے رش کے باعث سعودی ایئرلائن نے اپنی پروازوں میں اضافہ کردیا۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن کی جانب سے اسلام آباد سے سعودیہ کے لیے ہفتہ وار 4 پروازوں کا اضافہ کیا گیا ہے ، ایس وی 889 پندرہ دسمبر سے اتوار ، پیر ، بدھ اور جمعے کو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے لیے اڑان بھرے گی ۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی ایئرلائن کے سٹیشن مینیجر عمر خالد ملک نے بتایا ہے کہ سعودی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان مکمل فضائی آپریشن کی بحالی کے موقع پر پہلی پرواز کی روانگی کے وقت پروازوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا کیوں کہ براہ راست پروازوں کی پابندی ختم ہونے کی وجہ سے اس وقت بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں ، جس کے باعث اضافی پروازوں کی ضرورت محسوس کی گئی ، اسی کے پیش نظر اسلام آباد سے ہفتہ وار 4 پروازیں بڑھائی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ جلد ہی اپنی ملازمتوں پر واپس جا سکیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں ، جس کے بعد پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ہے اور اب پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں ، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے ، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا ۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button