خلیجی خبریں

غلط سینیٹائزر نے شہری کے ہاتھوں کو بھیانک بنا دیا

متاثرہ شہری نے بتایا کہ ایک دُکان میں داخل ہوتے وقت اس کے ہاتھوں کو سینیٹائز کیا گیاتھا، ہاتھوں کی خراب حالت دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہو گئے

کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد دُنیا بھر میں فیس ماسک اور سینیٹائزرز کا استعمال بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ اکثر افراد کورونا سے بچاؤ کی خاطر اپنے ہاتھوں کو تھوڑی تھوڑی دیر بعد سینیٹائز بھی کرتے ہیں۔ اکثر ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سینیٹائزر کا بہت زیادہ استعمال جلد کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس میں موجود الکوحل جلد پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔

سعودی عرب میں ایک مقامی شخص کو غلط سینیٹائزرکا استعمال بہت بھاری پڑ گیا۔ اس شخص کے ہاتھ اتنے بھیانک ہو گئے کہ جو بھی دیکھتا ہے وہ انتہائی خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ سعودی اخبار المرصد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک سعودی شخص کسی خریداری کے سلسلے میں قریبی دُکان پر گیا جہاں داخل ہوتے وقت اس کے ہاتھوں پر سینیٹائزرلگایا گیا۔

جس کے بعد اس نے ہدایات کے مطابق دستانے پہن لیے۔

تھوڑی دیر بعد ہی اس کے ہاتھوں پر شدید جلن ہونے لگی۔ اس نے گھر پہنچ کر جب دستانے اُتارے تو اس کی ہتھیلیاں بہت بھیانک دکھائی دے رہی تھیں، جو اگلے چند گھنٹوں میں اور زیادہ خوفناک ہوتی چلی گئیں ا ور ان میں شدید تکلیف بھی شروع ہو گئی۔ سعودی شہری کے ان خراب ہاتھوں کی تصویر میڈیا پر بھی آ چکی ہے۔ متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ میرے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ جعلی سینیٹائزر کے استعمال کے بعد دستانے پہن لینے سے میرے ہاتھوں پر زیادہ مضر اثرات پڑ ے ہیں جن کے نتیجے میں ہاتھوں کی یہ حالت ہوئی ہے۔

اگر میں دستانے نہ پہنتا تو اتنا زیادہ نقصان نہ ہوتا۔ سعودی شہری نے مزید کہا کہ کئی دُکانداروں نے جعلی اور گھٹیا کوالٹی کے سینیٹائزر رکھے ہوئے ہیں، جو جلد کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ جب وہ باہر نکلیں، تو اپنا خریدا ہوا سینیٹائزر بھی ساتھ رکھیں اور موقع پڑنے پر وہی استعمال کریں۔ تاکہ گھٹیا سینیٹائزر سے ان کے ہاتھوں کا وہ حال نہ ہو جو میرے ہاتھوں کا ہو چکا ہے۔

 

Source : UP

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button