لائف سٹائل

میٹھی عید کا لطف دوبالا کرتا مزیدار شیر خورما

خلیج اردو: رمضان المبارک کے بعد چھوٹی عید میٹھی ڈش کے بغیر بھلا کیسے مکمل ہو سکتی ہے؟ یہی وجہ ہے کہ خواتین چاند رات پر ہی میٹھی ڈشز کی تیاری شروع کر دیتی ہیں۔

لیکن اگر آپ نے اب تک ایسی کوئی تیاری نہیں کی تو اب کرلیجیے کیوں کہ عید الفطر کی خا ص مقبول ڈش شیر خورما جھٹ پٹ تیار ہونے والی ڈش ہے جس سے نہ صرف آپ کے دسترخوان کی رونق میں اضافہ ہوگا بلکہ عید کا مزہ بھی دوبالا ہوجائے گا۔

شیر خورما بنانے کے لیے درکار اجزاء:

دودھ:3 کلو، بادام آدھا کپ ، پستہ آدھا کپ، چھوہارے ایک کپ، سویاں ایک کپ، چینی ایک چوتھائی کپ، الائچی پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، کنڈینسڈ ملک ایک ٹن

نوٹ: چھوہارے رات بھر بھگوئے ہوئے ہو تو زیادہ بہتر ہے بعد ازاں دودھ میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ اچھی طرح گل جائیں۔

ترکیب: ایک پین میں گھی گرم کریں اور الائچی پاؤڈر ڈال کر پکائیں، الائچی کی خوشبو آنے لگے تو سویاں ڈال کر ہلکا سابھون لیں اور چولہا بند کر دیں، دوسرے پین دودھ ڈالیں اور اتنا پکائیں کہ دودھ آدھا رہ جائے، اب فرائی کی ہوئی سویاں دودھ میں ڈال کر ایک منٹ تک پکائیں۔

چینی، کنڈینسڈ ملک، زعفران، آدھے بادام اور آدھے پستے ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ آمیزہ گاڑھا ہو جائے تو پکے ہوئے چھوہارے شامل کریں اور ڈش میں اتارلیں، باقی بچے ہوئے بادام اور پستے گارنش کے طور پر استعمال کریں۔

مزیدار سا شیر خورما ٹھنڈا اور گرم دونوں طرح سے مہمانوں کو پیش کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button