پاکستانی خبریں

اسلام آباد میں مقامی عدالت میں ایک سالہ بچی کی چیخ وپکار، سوشل میڈیا پر صارفین میں غم و غصہ

خلیج اردو

اسلام آباد : اسلام آباد کی مقامی عدالت میں سماعت کے دوران گیارہ مہینوں کی بچی کے رونا کی آواز نے سوشل میڈیا صارفین کو غم و غصہ میں مبتلا کیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سماعت کے دوران تھانہ آبپارہ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف رہنماء شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ سائرہ اور برادر نسبتی نعمان کو عدالت پیش کیا۔

 

دوران سماعت ملزمہ کی بارہ ماہ کی بچی بھی عدالت لائی گئی جس نے رونا شروع کردیالیکن پولیس نے بچی کو ماں کے ہاس نہ جانے دیا جس پرعدالت نے بچی کوماں کے حوالہ کرنے کی ہدایت کی۔

 

دوران سماعت ملزمان کے وکیل فیصل چوہدری نے درج مقدمہ کا متن پڑھتے ہوئے کہاکہ مقدمہ میں مسماۃ مہرین لکھا گیا بعد میں اسکو سائرہ لکھ کر ٹھیک کیا گیا،رات 9 بجے کا واقعہ ویڈیو ثبوت موجود ہے بغیر وارنٹ کے پولیس داخل ہوئی۔

 

انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کو مارا بھی ہے اور گھر کی جو حالت کی ہے اسکی ویڈیو موجود ہے،آج ہم نے حبس بےجا کی درخواست دائر کرنی تھی لیکن پولیس نے میڈیا پر خبر نشر کروا دی، مقدمہ میں خاتون کا جو رول ہے اس میں ڈسچارجگی بنتی ہے،مقدمہ میں ایک دفعہ کے علاوہ تمام دفعات قابل ضمانت ہے، خاتون ملزمہ کی ایک بارہ ماہ کی بچی ہے جو ماں کے بغیر گھر میں رو رہی ہے، خاتون ملزمہ کو مقدمہ سے ڈسچارج کیاجائے

 

عدالت نے خاتون ملزمہ سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے کچھ کہنا ہے، جس پر ملزمہ نے کہاکہ پولیس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی،ہمیں تب معلوم ہوا جب پولیس ہمارے بیڈ روم تک پہنچ گئی، پردہ کا بھی خیال نہیں کیا گیا۔

 

عدالت نے ملزم نعمان سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے بھی کچھ کہنا ہے، جس پر ملزم نعمان نے کہاکہ بیس سے زائد پولیس اہلکار بیڈ روم میں داخل ہوئے اور تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان کے وکیل نے کہاکہ پولیس نے بغیر وارنٹ چھاپہ مار کر چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔

 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہباز گل کی گرفتاری کا تذکرہ آپ دوسرے کیس پر کر رہے ہیں اسی کیس پر رہیں،وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے ملزمہ سائرہ کو جوڈیشل پر جیل بھیجتے ہوئے ملزم نعمان کو دوروزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کرنے کا حکم سنادیا۔

 

ادھر وکیل صفائی نے ملزمہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کیلئے درخواست بھی دائر کردی، عدالت نے شہباز گل کے ڈرائیور اظہار کی اہلیہ کی درخواست ضمانت پر پولیس اور پراسیکیوٹر کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا عدالت نے ملزمہ کو رات کو تھانہ کے حوالات میں ہی رکھنے کا حکم دیدیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button