پاکستانی خبریں

افواج پاکستان ریسکیو سرگرمیوں میں پیش پیش، بری ، بحری اور فضائی فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متائثرہ علاقوں میں بحالی آپریشن میں مصروف

خلیج اردو

عاطف خان خٹک

اسلام آباد : افواج پاکستان سیلاب متائثرین کی محفوظ مقام پر منتقلی، ضروری اشیاء کی فراہمی ، مڈیکل کیمپس کا قیام سمیت مختلف امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔پاک فوج کے افسران نے ایک مہینے کی تنخواہیں بھی سیلاب متائثرین کو عطیہ کر دیں۔

 

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کراچی پہنچ گئے، آرمی چیف کو سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں فوجی جوانوں کی جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے۔

 

دوسری جانب آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی فلڈ ریلیف سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، اس سینٹر کا سینٹر کا مقصد ملٹری آپریشنز ڈائریکٹریٹ کے ساتھ قومی فلڈ ریلیف اقدامات کو کوارڈی نیٹ کرنا ہے۔

 

ملک کے دیگر علاقوں میں بھی فلڈ ریلیف سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں، جہاں امدادی اشیاء اکھٹی کرکے متاثرین تک پہنچائی جارہی ہیں، پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں، متاثرین میں کھانا، شلیٹرز بھی فراہم کررہے ہیں۔

 

سندھ میں سانگھڑ, لاڑکانہ اور خیرپور میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوئے، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، میرپور خاص، سجاول اور دیگر علاقوں میں متاثرین کو شیلڑر اور راشن مہیا کیا جا رہا ہے۔

 

ٹنڈو الہ یار میں 3 اضافی بیسز اور میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں، کوٹ ڈیجی میں آرمی جوان راشن کی تقسیم اور ڈی واٹرنگ کا کام کر رہے ہیں، خیرپور سے آبادی کو انخلاء کا کام اور راشن کی تقسیم کی جا رہی ہے، نوشہرو فیروز دادو سانگھڑ بدین میں خیمہ بستیوں کا قیام اور پکا ہوا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔

 

بلوچستان میں سبی، جعفر آباد، نصیر آباد، خضدار میں تیز بارشوں سے مواصلات کے نظام کو نقصان پہنچا، متاثرہ علاقوں میں مریضوں کے علاج کیلئے 5 میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں، جھل مگسی اور نصیر آباد میں راشن کی تقسیم اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

 

پاک بحریہ کی میڈیکل اور غوطہ خور ٹیمیں سجاول، شاہ بندر، کیٹی بندر، جاتی، چوہڑ جمالی، گھوٹکی، مرید کھوسو اور میر پور خاص کے علاقوں میں مقامی افراد کو ریسکیو، ریلیف اور طبی سہولیات کی فراہمی ، پانی کی نکاسی اور متاثرین کو راشن و دیگر امدادی سامان فراہم کر رہی ہے۔

 

بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف چوبیس گھنٹے سیلاب متاثرین کو مفت علاج اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ آج پی اے ایف کا سی 130 طیارہ نورخان ایئربیس سے 14000 پاؤنڈ امدادی سامان لے کرسیلاب متائثرین تک پہنچا اور متائثرین میں خوراک، خیمے اور ادویات تقسیم کیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button