پاکستانی خبریں

افواج پاکستان کی قیادت کا اہم اجلاس، ملکی دفاعی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال، مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

خلیج اردو

راولپنڈی : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی زیرصدارت عسکری قیادت کا اجلاس میں منعقد ہوا جس میں دفاعی اور سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔

 

فورم کو کے پی اور بلوچستان میں مغربی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال سمیت قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں میں تیز رفتار پیش رفت، خطے میں پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے مسلح افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکاء کی جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں، جس کیلئے ایک جامع سیکیورٹی حکمت عملی موجود ہے۔

 

فورم کے شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button