پاکستانی خبریں

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات ملتوی کردیئے۔۔۔اب انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔8 صفحات پر مشتمل حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اور معاشی وجوہات کی بنا پر موجودہ حالات میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ 

خلیج اردو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کے انعقاد پر جاری شیڈول سے دستبردار ہوگیا۔۔۔30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کردیئے گئے۔۔۔ اپنے حکم نامے میں کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو پنجاب حکومت ۔ وزارت داخلہ ۔ وزارت دفاع اور وزارت خزانہ نے سیکیورٹی ۔ مالی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی ہے ۔ الیکشن کے انعقاد سے متعلق وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہونے والے مختلف اجلاسوں میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن وامان کی صورت حال الیکشن کے لیے سازگار نہیں ہے ۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں ۔ جبکہ کئی ایسے واقعات کو ناکام بھی بنایا گیا ہے

 

الیکشن کمیشن نے حکم نامے کے متن میں کہا ہے کہ امن و امان یقینی بنانے کے لیے وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو فوج کے دستے طلب کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم کمیشن کو بتایا گیا کہ سرحدوں پر امن و امان کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کاروائیوں کے باعث فوج الیکشن کے لیے مکمل ڈیوٹی نہیں دے سکتی ۔ اور فوج الیکشن میں صورت کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی ۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مالی بحران سے بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے پیش کیے گئے حالات کے باعث تیس اپریل کو الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے ۔ اب الیکشن آٹھ اکتوبر کو منعقد کرایا جائے گا جس کے لیے مناسب وقت پر نیا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ حکم نامے میں الیکشن کمیشن اور عدالتوں کے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیا گیا ہے

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button