پاکستانی خبریں

اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ پر نادرا کی وضاحت سامنے آگئی

اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے سوشل میڈیا پر گردش گردہ خبروں کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے نادرا نے سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ سے متعلق چلنے والے خبروں کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے تمام خبریں غلط ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد وزیراعظم نے نئے انتخابات کا اعلان کیا تھا جس کے تناظر میں یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے لیے میکنیزم تیار کرلیا ہے۔

نادرا کی جانب سے ٹوئٹ میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبر کا اسکرین شارٹ بھی شیئر کیا گیا اور اپنے پیغام میں نادرا حکام کا کہنا تھا کہ ہم وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ اس قسم کا کوئی بھی پیغام نادرا کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ’’الیکشن کمیشن اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی تمام خبریں جعلی اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق اس قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی اس پیغام کو کسی پلیٹ فارم پر شیئر کیا گیا ہے۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف پہلے دن سے ہی اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق بات کرتی رہی ہے اور اس حوالے سے قانون بھی قومی اسمبلی سے پاس کیا گیا ہے لیکن اب بھی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے میں تکنیکی مسائل حائل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button