پاکستانی خبریںعالمی خبریں

ایم کیو ایم اپوزیشن میں شامل ہوگئی، بلاول بھٹو زرداری کا دعویٰ

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں بلاول بھٹو نے پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن اور ایم کیوایم کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے۔

مسٹر بھٹو نے بتایا ہے کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اور پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی مذکورہ معاہدے کی توثیق کریں گے۔ہم انشاء اللہ کل میڈیا کو پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائیں گے۔

یہ اعلان پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے سلسلے میں کیا گیا ہے جہاں اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کے اتحاد نے وزیر اعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔

دوسری طرف حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدہ نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق پیپلز پارٹی کی سی ای سی اور ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے آج شام چار بجے باضابطہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

پاکستان کے میڈیا چینلز کی اسکرینز پر بریکنگ نیوز کی شکل میں یہ خبر رات کے ایک بجے سے گردش کررہی تھی کہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم مشترکہ پریس کانفرنس میں ساتھ چلنے کا اعلان کرے گی۔

تاہم دونوں فریقین کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ یہ اعلان بدھ کی شام پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button