پاکستانی خبریںعالمی خبریں

جانتا ہوں کہ میری جان کو خطرہ ہے لیکن مجھ سے زیادہ اہم پاکستان ہے جو خطرے میں ہے، عمران خان

خلیج اردو
کراچی : پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ایک بڑا اجتماع منعقد کیا ہے جس سے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے سرکردہ رہنماؤں نے خطاب کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پرجوش مجمے سے خطاب میں کہا کہ آپ سے پوچھنے آیا ہوں کہ میرے خلاف سازش کی گئی یا مداخلت ہوئی تھی؟

انہوں نے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔ میں کہتا ہوں میری جان سے زیادہ پاکستان کو خطرہ ہے اور پاکستان کو خطرہ ہو تو گھر میں بیٹھ نہیں سکتا۔

مسٹر خان نے الزام لگایا کہ بین الاقوامی سطح ملک کے خلاف سازش ہوئی ورنہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نہ بھارت، نہ یورپ اور نہ ہی امریکہ کے خلاف ہوں بلکہ میں دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں۔ دوستی سب سے چاہتا ہوں اور غلامی کسی کی نہیں چاہتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں واحد سیاست دان ہوں جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا۔ میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی اور اس کا پہلے سے علم تھا میچ فکس ہوگیا۔ مجھے تکلیف ہوئی کہ رات 12 بجے عدالتیں کھولیں اور یہ ساری زندگی میرے دل میں بات رہ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اس سے زیادہ اور کیا توہین ہونی ہے کہ ایک ضمانت پر رہا ہونے والا شخص ہمارے ملک کا وزیر اعظم بنا دیا گیا ہے۔

حکمران اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے وزیر اعظم کہہ رہا تھا کہ ہم بھکاری ہیں اور ہمیں کوئی حق نہیں کہ ہم اپنے فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ملک لوٹنے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔

69سالہ خان نے کہا کہ انسان یا اچھائی کے ساتھ ہوتا ہے یا برائی کے ساتھ۔ تیسرا راستہ کوئی نہیں، نیوٹرل رہنے کا آپشن اللہ نے نہیں دیا۔ حکم واضح ہے کہ چوروں کے خلاف کھڑے ہو۔

نوجوانوں کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل کرنے والے عمران خان نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کگیل سے باہر کرنے کیلئے فارن فنڈنگ کیس کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ پیپلزپارٹی،تحریک انصاف اورن لیگ کا فارن فنڈنگ کا کیس اکٹھا سنا جائے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ اداروں کو ان کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ ایف آئی اے اورنیب میں ہمارے خلاف جھوٹے کیس بنائیں گے۔

جلسے جلوسوں کا ایک لمبا تجربہ رکھنے والا سابق کرکٹ اسٹار عمران خان نے کہا کہ کارکن پرامن رہیں، ہم کبھی ٹکراؤ کی سیاست نہیں کریں گے۔ کوئی غیر نہیں یہ ہماری پولیس اورفوج ہے اورہمارے اپنے ادارے ہیں۔ جو ہماری تحریک ہے وہ پرامن رہے گی۔

خیال رہے کہ وزارت عظمیٰ سے ہٹنے کے بعد عمران خان نے عوامی رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔ پہلا جلسہ انہوں نے پشاور میں کیا تھا . کراچی کے بعد انہوں نے لاہور میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری طرف انہوں نے نامنظور ڈاٹ کام کے نام سے ایک ویب سائیٹ بھی لانچ کی ہے جس پر انہوں نے بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button