پاکستانی خبریں

فوج کے خلاف نفرت اور بغاوت پر اکسانے سے متعلق مبینہ بیان،پاکستان تحریک انصاف کے شہباز گل گرفتار

خلیج اردو

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد پولیس نے تصدیق کی ہے شہباز گل کے خلاف اداروں کے خلاف بیان بازی اور عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے پر بغاوت کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے بھی رہنما شہباز گل کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ پارٹی بیان میں الزام عائد کیا گیا کہ بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں میں سوار افراد آئے اور بنی گالہ چوک سے شہباز گل کو گرفتار کرلیا۔

بتایا گیا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد پر شہباز گل کی گاڑی پر حملہ،

گاڑی کے شیشے توڑنے اور اس دوران ڈرائیور پر تشدد کرنے کا بھی الزام عائد کردیا

اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کو بغاوت پر اکسانے کے الزام کے تحت گرفتار کرکے تھانہ بنی گالہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کےسربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں

شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ کی منظوری سے ضلعی انتظامیہ کی مدعیت میں درج مقدمے میں بغاوت اداروں کے خلاف اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔

اس خبر کے بعد پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں شیخ رشید اور فواد چوہدری کی گرفتاری کی خبریں آئیں تو اسلام آباد پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کی تردید کی۔

کیپٹل پولیس نے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی طرف سے چھاپے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، سیاسی لیڈرز کی گرفتاریوں کے متعلق پراپیگنڈہ مہم چلائی جارہی ہے۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان سے جاری شدہ خبر ہی تصدیق شدہ ہوگی، شہریوں سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button