پاکستانی خبریں

قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالرکی فوری سرمایہ کاری کرے گا

خلیج اردو

دوحہ: قطر نے کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں بھی دلچسبی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی کا دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

 

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج دوحہ میں دیوان امیری میں قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔

 

وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے وزراء اور سینئر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔ دیوان امیری پہنچنے پر وزیر اعظم کا استقبال عزت مآب امیر امیر قطر نے کیا .وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مشاورت کی جس کے بعد امیر کی طرف سے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کی ضیافت کی گئی۔

 

اپنی وسیع مشاورت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

 

دونوں فریقوں نے باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا. مزید برآں زراعت ,خوراک , توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان میمیں قابل تجدید توانائی، سیاحت اور ہاسپٹلٹی کے شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا گیا ۔

 

قطر میں کام کرنے میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے اور دفاع، ایوی ایشن اور میری ٹائم ڈومینز میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی گئی ۔

 

قطر کی شاندار اقتصادی ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے قطری قیادت کو اس کے بصیرت کو سراہا اور مستقبل میں قطری عوام کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا ۔

 

ایل این جی تعاون کے شعبے میں قطر کے ساتھ پاکستان کی طویل المدتی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں قطر کے اہم تعاون پر عزت مآب امیر کا شکریہ ادا کیا۔

 

دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے میں باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے نئی راہیں بھی تلاش کرنے پر اتفاق کیا ۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ قطر میں کام کرنے والے اور مقیم پاکستانی نہ صرف دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لیے تقویت کا باعث ہیں بلکہ عوام سے عوام کے روابط کی اہمیت کا بھی ثبوت ہیں۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر کی تیز رفتار اقتصادی ترقی مستقبل میں پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

 

وزیر اعظم نے قطر کی حکومت کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لیے کیے گئے وسیع انتظامات کو سراہا۔ انھوں نے قطری قیادت کو میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

 

وزیراعظم اور امیر نے خطے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے قطر کی دیرینہ اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔

 

دونوں رہنماؤں نے افغان عوام کو درپیش سنگین انسانی اور معاشی بحرانوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

 

وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئےجنوبی میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

 

عزت مآب امیر نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی مکمل کامیابی کی خواہش کی۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 

امیر نے قطر کے وزیراعظم کو پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

وزیراعظم نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کی پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری پر عزت مآب کا شکریہ ادا کیا۔

 

امیر نے قطر کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا اور قطر ویژن 2030 کے مطابق پاکستانیوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے قطر کے عزم کا اظہار کیا۔

 

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون میں موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

 

وزیراعظم نے عزت مآب امیر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدہ ، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں.

 

۔ اپریل 2022 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا قطر کا یہ پہلا دورہ ہے.

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button