پاکستانی خبریں

پاکستان تحریک انصاف نے مئی کے آخر میں ملک گیر لانگ مارچ کا اعلان کر دیا

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں ملک گیر لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے پوری قوم کو تیاری کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے قبل ملک بھر میں جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ کا فیصلہ ہوا جس کے بعد عمران خان نے ایک ویڈیو بیان میں اس کا اعلان کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس ویڈیو بیان میں اعلان کیا کہ مئی کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نہیں پورے ملک کو کال دے رہا ہوں کہ اسلام آباد کی جانب ملک کی حقیقی آزادی کیلئے مارچ کریں۔

مسٹر خان نے کہا کہ جب لانگ مارچ ہوگا تو عوامی سمندر بتائے گا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستانیوں نے کرنے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت پر بھی تنقید کے نشتر برسائے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سازش کےتحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔

سابق حکمران جماعت پی ٹی آئی نے عید کے بعد جلسوں کے شیڈول کا بھی اعلان کیا ہے جس کے مطابق عمران خان 6 مئی کو میانوالی، 8 کو ایبٹ آباد ، 10 مئی کو ملتان اور 12 مئی کو اٹک میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل عمران خان نے آج اچانک اسلام آباد میں ایک مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کے درمیان جاکر ان سے مکالمہ کیا۔

مارکیٹ میں موجود شہریوں نے چیئرمین کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں درمیان پاکر نہایت خوش اور پرجوش نظر آئے۔ کئی افراد نے عمران خان کے ساتھ تصاویر بنائیں اور خیرمقدمی نعرے بلند کئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button