پاکستانی خبریں

پاکستان میں ایوان بالا کیلئے انتخاب میں حکمراں جماعت کو اپ سیٹ شکست ، عددی اکثریت کے باوجود حکمران جماعت کا امیدوار ہار گیا

jخلیج اردو
03 مارچ 2021
ملک عاطف خان
اسلام آباد : ہاکستان میں تین مارچ بروز بدھ ہونے والے سینیٹ کے بدھ کے روز ہونے والے انتخاب میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اسلام آبادکی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے اُمید وار کو 5 ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی ہے۔

اب تک کے سرکاری مگر غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اوت سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے جنرل نشست پر موجودہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو شکست دی ہے۔

پاکستان میں حزب اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کُل 340 ووٹوں میں سے 169 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ حکمراں جماعت اور اُس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اُمیدوار عبدالحفیظ شیخ 164 ووٹ حاصل کر سکے۔ ریٹرنگ افسر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ کل 7 ووٹ مسترد بھی ہوئے ہیں۔

اس نشست کیلئے بظاہر عددی اکثریت نہ رکھنے والی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نتیجے پر اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ جیے بھٹو۔

دوسری طرف حکمران جماعت نے انتخاب کو چیلنج کرنے کا کہا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں اس جانب اشارہ کیا ہے۔

تاہم یہ بات قابل غور ہے کہ اسلام آباد سے خواتین کی نشست پر پی ڈی ایم کی ہی امیدوار فرزانہ کوثر جن کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے ، وہ ہار چکی ہے اور ان کے 161 ووٹ کے مقابلے میں پی ٹی آئی کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ حاصل کیے ہیں اور اس انتخاب کیلئے 5 ووٹ مسترد بھی ہوئے ہیں۔

نتائج پر مسلم لیگ نے بظاہر خوشی کا اظہار کیا ہے اور مسلم لیگ کی ڈیفیکٹو رہنما مریم نواز نے یوسف رضا گیلانی، پی ڈی ایم اور ارکان قومی اسمبلی کو مبارک باد دی ہے۔

ٹویٹر پر اس حوالے سے سینٹ انتخاب ٹاپ ٹرینڈنگ میں ہے اور جہاں یوسف رضا گیلانی کی جیت کا جشن منایا جارہا ہے وہاں یہ اعتراض بھی کیا جارہا ہے کہ ووٹ کاسٹ کرنے والوں نے کسی طرح سے ہارس ٹریڈنگ میں حصہ لیا ہے۔

اس حوالے سے گزشتہ روز یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی گیلانی کی سامنے آنے والی ویڈیو کا ذکر بھی ہورہا ہے اور سمجھا جارہا ہے کہ انتخاب پر اپوزیشن اثر انداز ہوئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button