پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پاکستان میں بجلی کی قیمت بنیادی ٹیرف میں اضافہ کرکے بڑھا دی گئی

خلیج اردو
اسلام آباد : پاکستان میں بجلی کے اوسط ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا۔ نیپرا نے منظوری دے دی۔ اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔

حکومت نے گزشتہ مہینہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 30 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کر دیا تھا۔ اس حوالے سے معاشی ماہرین کا خیال ہے کہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 7.91 روپے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری دے دی۔نیپرا کا اوسط ٹیرف 16.91 روپے سے بڑھا کر 24.82 روپے فی یونٹ کردیا گیا۔

تعین کیا گیا ٹیرف وفاقی حکومت کو نوٹی فکیشن کیلئے بھی بھیج دیا گیا۔ نیپرا نے ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی، کپیسٹی لاگت اور عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ قرار دے دی۔

نیپرا کے مطابق توانائی کی خریداری کی قیمت 1152 ارب روپے متوقع ہے۔ کپیسٹی لاگت بشمول این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی 1366 ارب روپے تخمینہ ہے۔ ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ تقریبا 2805 ارب روپے متوقع ہے۔

نیپرا کے مطابق مختلف کمپنیوں میپکو، پیسکو، گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو اور ٹیسکو کو 5سالہ مدت میں ڈسٹری بیوشن سسٹم میں انویسٹمنٹ پروگرام کے لیے تقریبا 406 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔

ڈسکوز کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کو بھی 13.46 فیصد سے
کم کر کے 11.70 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ میپکو، پیسکو گیپکو، حیسکو، سیپکو، کیسکو اور ٹیسکو نے مالی سال 2020-21 سے لے کر 2024-25 تک کے ملٹی ائیرٹیرف کے لیے درخواستیں دی تھیں۔

آئیسکو، لیسکو اور فیسکو نے منظور شدہ ملٹی ائیر ٹیرف کے
مطابق سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواستیں دی تھی۔ اتھارٹی نے فیصلوں میں مالی سال 2022-23ء کے ٹیرف مقرر کیا ہے۔

خلیج اردو نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر عوام کی رائے لی۔ ایک سرکاری ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جو تنخواہ ملتی ہے اس میں گزارہ کرنا مشکل تھا۔ اب بجلی مہنگی کرکے حکومت غریب کے منہ سے نوالہ چھین رہی ہے۔

شبقدر کے رہنے والے عزیز جو اسلام آباد میں ٹیکسی چلا کر گھر کا گزارہ کرتے ہیں ، کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی کی وجہ سے ان کے گاہک پر بھی اثر پڑ گیا ہے۔ ان کی کمائی میں کمی اور قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button