پاکستانی خبریں

کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد ،احتجاج کریں گے ،عدلت جائیں گے

خلیج اردو

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کے کچھ افراد اور آر اوز کے ساتھ مل کر جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا ہے۔

ادارۂ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے بتایا کہ کراچی کے لوگوں نے جماعت اسلامی کو کراچی کی سب بڑی جماعت کے طور پر ووٹ دیا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم نے مردم شماری پر اس وقت بھی اعتراض کیا تھا، ہم نے حلقہ بندیوں اور اختیارات پر تحریک چلائی۔

انہوں نے کہا کہ 2013 کے بلدیاتی ایکٹ میں ہمارے بہت سارے اختیارات چھین لیے گئے، ہم نے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹ پر بھی اعتراض اٹھایا تھا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا عملہ اور سامان پورا نہیں تھا، ماڈل ٹاون یو سی 8 میں ہمارے ایک ذمہ دار پر حملہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کےحامی آزاد امیدوار کےحامیوں نے ہمارے ذمہ دار پرحملہ کیا، شب خون نہ مارا جاتا، محلاتی سازشیں نہ ہوتیں تو یہ مینڈیٹ 50 فیصد سےزیادہ ہوتا۔

جے آئی کے کراچی کے سربراہ حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن کرا کر اچھا اور جرأت مندانہ کردار ادا کیا۔الیکشن کمیشن نے تیاری نہیں کی، انتظامات بہتر نہیں تھے۔ کراچی کی ترقی کا عمل شروع کرنے کے لئے ہم نے انتخابات کو قبول کیا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آج ایک بار پھر جماعت اسلامی پر الزامات لگائے، کچھ دن پہلےب ھی الیکشن کمیشن نےجماعت اسلامی پرالزام لگایا اور پھر معافی مانگی۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو کراچی کے عوام نے سب سے بڑی جماعت کا مینڈیٹ دیا، ہم عوام کے اس مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے۔

حافظ نعیم نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کےمطابق 93 نشستیں پیپلز پارٹی، 86 جماعت اسلامی نے جیتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 9 یوسیز کے فارم 11 موجود ہیں جن میں ہم جیت چکے ہیں، 9 یونین کمیٹیوں پر ہم جیت چکے ہیں لیکن اس پر ہروا دیا گیا۔

حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کسی سے نہ لڑائی ہے اور نہ دشمنی، ہم نے اپنے کارکنوں کو فارم 11 اور 12 لینے لی ہدایت کی تھی، نتائج ڈی سی ویسٹ اور اے سی شاہ فیصل نے تبدیل کئے۔

انہوں نے کہا کہ کل ہم بھی احتجاج کریں گے، جس ڈی آر او کے دفتر میں سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی وہاں ہم سب سےبڑا دھرنا دیں گے۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔

قبل ازیںکراچی کے بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آئی، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہی ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ دیگرجماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کی جا رہی ہے، اپیل کرتا ہوں ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔

ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے جبکہ سراج الحق نے منصورہ میں اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button