پاکستانی خبریںعالمی خبریں

کور کمانڈر پشاور سے متعلق نامناسب سیاسی بیان پر فوج کا ردعمل سامنے آگیا

خلیج اردو
راوپنڈی : افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے مختلف سیاستدانوں کے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے متعلق بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو دہائیوں سے دہشتگردی کیخلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والی پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔

افواج نے پشاور کور کمانڈر کےحوالے سے سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کیخلاف متنازع بیانات سے اجتناب کیا جائے۔

آئی ایس اپی آر کے مطابق پشاور جیسے اہم کورکی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے، پشاور کور کمانڈر کےحوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کےحالیہ بیانات افسوسناک ہیں۔ ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بہادر سپاہی اور آفیسرز وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر رہے ہیں۔

اس بیان کے بعد پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار نے نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں کہا کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ روز سے سیاسی لیڈرشپ کے بیانات انتہائی نامناسب ہیں جبکہ ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے کیونکہ ہمارا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے اور ہماری تمام لیڈر شپ کی اپنی ذمہ داریوں پر توجہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں وضع کیا گیا ہے، آئین وقانون کے تحت آرمی چیف کی تقرری کی جائے گی، بلاوجہ اس عہدے پر بحث کرنا معاملے کو متنازع بنانے والی بات ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ فوج کو الیکشن کرانے کی دعوت دینا مناسب بات نہیں کیونکہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے اور پاکستان کے قانون کے مطابق فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button