پاکستانی خبریں

شہری کی بلیک میلنگ اور جنسی ہراسمنٹ کا ملزم گرفتار، قانون کی حکمرانی یقینی ہوگی،ایف آئی اے

خلیج اردو

عاطف خان خٹک

اسلام آباد: پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبرکرائم سرکل نے کارروائی میں ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو شہریوں کو بلیک میل کرنے اور جنسی ہراسمنٹ میں ملوث تھا۔

 

سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم مہران کو صوابی سے گرفتار کر لیا۔

 

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم شکایت کنندہ کی بیوی کی قابل اعتراض تصاویر/ویڈیوز  بنانے میں ملوث تھا اور وہ  قابل اعتراض تصاویر/ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے لئے شکایت کنندہ کو دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

 

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا۔گرفتار ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

اتھارٹی نے کہا ہے کہ شہریوں کے حقوق کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ خواتین کے ہراسانی کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

حالیہ برسوں میں پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے نہ صرف ایسے کیسز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے بلکہ شہریوں کی آگاہی کے مختلف مہمات بھی سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر چلائے جارہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button