پاکستانی خبریںعالمی خبریں

سڑک پر ترک خواتین کی خفیہ ویڈیو بنا کر پاکستان کا نام دنیا میں بدنام کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا

خلیج اردو
اسلام آباد :ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ترکی میں غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن اور انکی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ نے الگ الگ کارروائیوں میں محمد جنید اور امیر خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان پاکستان سے غیر قانونی تارکین وطن کی ترکی منتقلی میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان نے سڑکوں پر ترک خواتین کی خفیہ طور پر ویڈیو بنائی اور اس مواد کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا۔ ان کے مجرمانہ فعل نے ترک معاشرے میں ایک ہنگامہ اور غصہ پیدا کیا اور خیر سگالی کو شدید نقصان پہنچایا جو ترک عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان نے اس کا سخت نوٹس لیا اور ایف آئی اے کو ملک بدر کیے گئے ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان نے زور دیا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان سے ترکی انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button