پاکستانی خبریں

ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، میرے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں، فیصل واوڈا

خلیج اردو

اسلام آباد: پی ٹی آئی  کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے اور مقتول کا کوئی لیپ ٹاپ، موبائل نہیں ملے گا کیونکہ تمام شواہد مٹا دیئے گئے ہیں۔ میں کچھ دنوں میں سب پردے چاک کر دوں گا ۔۔ پی ٹی آئی کے مارچ میں خون ہی خون اور جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے گولیاں ماری گئیں، ارشد شریف کا جان سے جانا غیرت کے بات، اس کی شہادت حادثہ نہیں ہے۔  انہوں نے کہا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا،  یہ بے بنیاد بات ہے کہ اسے دبئی سے نکلوایا گیا۔

 

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ارشد شریف کو کینیا لے جانے والا کوئی عام آدمی نہیں تھا، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا، پاکستان آنے کو تیار تھا، جب ارشد شریف اس ملک سے گیا ہے میں پہلے دن سے آخری دن تک اس سے رابطے میں تھا۔

 

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں کچھ دنوں میں سب پردے چاک کر دوں گا، میں اپنے گھر والوں کو بتا آیا ہوں کہ اگر مجھے مار دیا گیا تو ان کی لاشیں بھی ملیں گی، اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ جو اس کے ذمہ دار ہوں گے، 3 گھنٹوں میں وہ بھی مریں گے۔ عمران خان کو بتا چکا ہوں کہ اس سازش کے مقاصد کچھ اور ہیں، مجھے اس مارچ میں خون ہی خون اور جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔

 

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ میرا فون  فورانزک کے لیے تیار ہے، جو سازش پاکستان کے ساتھ ہو رہی ہے اس کے پلئیر پاکستان میں موجود ہیں ۔ جتنے دن ارشد شریف کا ویزا تھا اتنے دن وہ دبئی میں رہا، میں اپنے پاکستانیوں کو سازش کے تحت مرنے نہیں دونگا۔

 

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس پریس کانفرنس پر کافی سخت ردعمل دکھایا ہے۔ پریس کانفرنس کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button