پاکستانی خبریں

افسوسناک خبر: پاکستان میں عمران خان کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران خاتون کی ہلاکت، حکومت کی جانب سے امداد کا اعلان،تحریک انصاف نے مارچ روک دیا

خلیج اردو
لاہور: پاکستان میں جاری پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی کوریج کے دوران ایک خاتون رپورٹر صدف نعیم کنٹینر کے نیچے آکر ہلاک ہو گئیں ہیں۔ چینل ۵ جو خبریں اخبار کا نیوز چینل ہے، کی انتظامیہ نے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاتون رپورٹر کنٹینر کے نیچے آکر زخمی ہوئی جن کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔

مسٹر چوہدری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مارچ کے دوران اپنی حفاظت کا خاص خیال کریں۔ پی ٹی آئی نے اس واقعے کے بعد مارچ سمیت دیگر سیاسی سرگرمیاں روک دیں ہیں جس کا مقصد ہلاک ہونے والی رپورٹر کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنا ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ نے بتایا کہ چیئرمین عمران خان کی خاتون صحافی کیساتھ حادثے پر اظہار تعزیت اور آج کے دن کے لیے لانگ مارچ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔

عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر کہنے کیلئے الفاظ نہیں ہے۔

وزیر اعظم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں۔ مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

 

وزیر اعظم نے متائثرہ خاندان کیلئے پچاس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے صدر کے ٹویٹ پر بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لئے 50 لاکھ مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ حکام ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کریں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہونے والی رپورٹر صدف نعیم کے شوہر سے ٹیلی فون پر میری بات ہوئی۔ اندوہناک واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ میں ذاتی طور پر صدف کو جانتی تھی، وہ نہایت بہادر اور محنتی رپورٹر تھیں۔ ان کے گھر والوں کی ہرممکن مدد کریں گے۔ صدف کے لئے سب دعا کریں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی تنظیم لانگ مارچ میں شامل عوام اور صحافیوں کے جان و مال کی مکمل ذمہ دار ہے۔پنجاب حکومت رپورٹر صدف نعیم کے لواحقین بالخصوص بچوں کی مکمل کفالت کرے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چینل فائیو کی رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس ہے۔ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ صدف پروفیشنل ، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔۔اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔

وزیر اعظم چوہدری نے کہا کہ سینئر صحافی مرحومہ صدف کی فیملی کو 25 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔پنجاب حکومت مرحومہ صدف کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ حادثے میں صدف کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔ المناک واقعہ پر ہر دل دکھی ہے۔

سنیئر صحافی مظہر عباس نے اپنے ٹویٹ میں نوجوان صحافی صدف نعیم کی موت کو سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام میڈیا ہاؤسز صحافیوں کی انشورنس اور ان کی حفاظت کیلئے بنیادی ٹریننگ کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button