پاکستانی خبریں

ملک جن حالات سے گزر رہا ہے، آرمی چیف جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے

خلیج اردو

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت سیلاب کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر ہے۔ اس کا حل یہ ہے کہ نئے انتخابات کرائے جائیں اور نئی حکومت کے انتخاب سے ملک میں سیاسی استحکام آجائے۔

 

نجی ٹی وی دنیا نیوز کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن کی کوئی جلدی نہیں تاہم خدشہ ہے کہ کہیں یہ حکومت ملک کو ایسی جگہ نہ لے کر جائیں کہ جہاں حالات سب کے ہاتھوں سے نکل جائیں۔

 

مسٹر خان نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ اگلی حکومت کو کرنا چاہیئے۔ جب تک الیکشن ہوتے ہیں اور نئی حکومت کا انتخاب ہو، موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے۔

 

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے پاس آپشن بہت زیادہ ہیں۔ ہم صوبائی حکومتوں سے استعفے دے سکتے ہیں۔ جب چاہوں ساری قوم کو سڑکوں پر نکال سکتا ہوں۔ دو گھنٹے کی کال پر پورا پاکستان جام کر سکتا ہوں۔ جیسے سری لنکا میں عوام نے حکمرانوں کو ایوانوں سے بے دخل کیا، ایسا کرنا کونسا مشکل ہے۔ عوام کا غصہ پہلے سے زیادہ ہے اور اگر میں چاہوں تو عوام کی طاقت استعمال کر سکتا ہوں۔

 

سابق وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے ہر موقع پر دشواریاں پیدا کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا راستہ روکنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ممکن ہے لیکن یہ حکومت اور الیکشن کمیشن نے اس کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔

 

جب مسٹر خان سے پوچھا گیا کہ حکومت سے مذاکرات کے ذریعے موجودہ سیلاب میں حالات کو قابو کیا جا سکتا ہے تو ان کا جواب تھا کہ موجودہ حکومت اپنے فیصلے نہیں کر سکتی۔ جب سے یہ پنجاب میں الیکشن ہارے ہیں تب سے یہ خوفزدہ ہیں۔ یہ الیکشن سے ڈرتے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں سب جماعتوں نے ہم سے ہار کر اب بھاگنے کا سوچا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button