پاکستانی خبریں

توہین عدالت کیس میں عمران خان کا ایک بار پھر معافی نہ مانگنے کا بیان

خلیج اردو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توہین عدالت کیس میں ایک بار پھرغیرمشروط معافی نہیں مانگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں کہا گزشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کچھ کہا ہے، اس اس پر عمل کریں گے۔

 

ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے بیان حلفی جمع کرادیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں عمران خان نے عدالت سے غیر مشروط معافی نہیں مانگی اور کہاکہ گذشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کہا اس پر مکمل عمل کروں گا۔

 

مسٹر خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدالت اطمینان کیلئے مزید کچھ کہے تو اس حوالے سے بھی مزید اقدام کرنے کو تیار ہوں، اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی تو معافی بھی مانگنے کو تیار ہوں۔ کہا کہ 22ستمبر کو عدالت میں دیے گئے بیان پر قائم ہوں اور اس پر عمل کروں گا،تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں تھا۔

 

یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ سماعت پر عدالت سے معافی مانگی تھی۔ جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت پر عمران خان کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ ہائیکورٹ کا لارجر بینچ تین اکتوبر کو عمران خان توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا جس میں جواب کے قابل قبول ہونے یا نہ ہونے پر بحث ہوگی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button