پاکستانی خبریں

حکومت کا 30 جون سے قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ پروگرام ختم کرنے کا اعلان

خلیج اردو: صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع کے لوگوں کو اب تک کا سب سے خطرناک جھٹکا ملا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کا پروگرام کپتان عمران خان کی حکومت نے شروع کیا تھا لیکن اب امپورٹڈ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 30 جون سے وہ یہ پروگرام قبائلی اضلاع میں ختم کر رہی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت نے صحت کارڈ پروگرام سے متعلق وفاقی محکمہ صحت کو خط ارسال کیا کہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کے عزم کا دوبارہ اعادہ کرتے ہیں کیونکہ قبائلی اضلاع کے عوام کو صحت کارڈ پروگرام میں شامل کرنا وفاق سے ملنے والے فنڈز سے مشروط ہے۔

خط میں کہا گیا کہ ضم شدہ اضلاع کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کے تمام انتظامات اور ڈیٹا مکمل ہے، وفاق حکومت قبائلی عوام کے لیے ضروری فنڈز مہیا کرے، فنڈز نہ ملنے کی صورت میں آئندہ مالی سال میں قبائلی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم نہیں ہو سکے گی۔خط میں یہ بھی لکھا گیا کہ صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا یہ معاملہ وفاقی وزیر صحت کے سامنے اٹھائیں گے۔

وفاقی محکمہ صحت نے صحت کارڈ سے متعلق صوبائی محکمہ صحت کو خط ارسال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کو صحت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، صوبائی محکمہ صحت قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کی سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائے، فنڈز سے متعلق معاملات صوبائی حکومت براہ راست متعلقہ وفاقی ڈویژنز کے ساتھ طے کرے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button