
خلیج اردو
عاطف خان خٹک
اسلام آباد: پاکستان میں حکمران اتحاد میں شامل جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر برائے خارجہ امور خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےجمہوریت کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت انسانیت کے لیے ناانصافی، عدم مساوات اور پولرائزیشن سے لڑنے کا ایک بہترین ہتھیار ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر حملے ہو رہے ہیں۔ذاتی مقاصد کےلئے مفاد پرستوں کی جانب ڈس انفارمیشن اور ضرر رساں افواہیں پھیلانا بدقسمتی سے ایک روایت بنتی جارہی ہے۔
مسٹر بھٹو نے انتشار پھیلانے والے عناصر کو جمہوری نظام کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساوات، اتحاد اور یکجہتی کے جمہوری اصولوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ افراتفری اور سماجی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمرانہ اور مطلق العنان خیالات نے جگہ لے لی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت ہمیشہ پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں کی تکمیل کی جدوجہد میں سب سے آگے رہی ہے۔ پی پی پی نے وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دنیا کی پہلی مسلمان خاتون منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی دی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ون مین ون ووٹ کا حق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے متعارف کرایا تھا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے متفقہ آئین کے ذریعے پاکستان میں کثیرالجہتی جمہوریت کی بنیاد رکھی۔آمروں نے آئین کو پامال کرنے کی کوشش کی لیکن صدر آصف علی زرداری نے زبردست سیاسی تدبر کے ذریعے اسے بحال کیا۔
مسٹر بھٹو سمجھتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام مزید اور مضبوط جمہوریت کے لیے ثابت قدم ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو انتشار پسند عناصر کے زہریلے پروپیگنڈے کا شکار ہونے کے بجائے جمہوری اور مثبت سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔