پاکستانی خبریں

فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھیں، عسکری قیادت

خلیج اردو

21 ستمبر 2020

اسلام آباد: پاکستان میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ملکی سیاسی جماعتوں کی قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ عسکری قیادت نے کہا ہے کہ فوج سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی لیکن فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔

میڈیا پر ذرائع سے چلنے والی خبروں کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور ملکی پارلیمانی سیاسی جماعتوں کی قیادت کے درمیان  ملاقات میں اہم قومی امور پر بات چیت کی گئی۔ عسکری قیادت نے فوج کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوج ہنگامی حالات میں سول انتظامیہ کی ہر موڑ پر معاونت کریگی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں انتخابات، الیکشن اصلاحات اور احتسابی عمل پر بات چیت کی گئی۔

ان میڈیا رپورٹس کے مطابق عسکری قیادت نے دوٹوک کہا کہ فوج کا انتخابی اصلاحات، الیکشن اور احتساب سے کوئی تعلق نہیں۔

اس ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نےبھی ملاقات کی ہے جس میں ملکی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورت اور بھارتی جارحیت پر بریفنگ بھی دی گئی۔ جبکہ ملک کی سرحدی صورتحال اور امن وامان سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہےجب ایک روز قبل اسلام آباد میں اپوزیشن کی ملٹی پارٹی کانفرنس ہوئی ہے۔ اس کانفرنس میں ملک کی عسکری قیادت پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے اور کانفرنس کے اعلامیہ میں فوج کو سیاسی معاملات سے دور رہنے کا کہا گیا تھا۔

اس کانفرنس سےسابق وزیر اعظم اور اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ نواز کے قائد محمد نواز شریف نے بھی خطاب کیا تھا جس نے ملکی کی تاریخ میں فوج کے سیاسی ماور میں مداخلت اور حکومت کو بنانے اور گرانے کے حوالے سے الزامات لگائے گئے تھے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button