پاکستانی خبریں

عمر شیخ کو سی سی پی او لاہور کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

خلیج اردو
یکم جنوری 2021
عاطف خان خٹک
لاہور : وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عمر شیخ کو سی سی پی او لاہور کے عہدے سے ہٹا کر غلام محمد ڈوگر کو نیا سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا۔ عمر شیخ کو ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری تعینات کردیا گیا۔

اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

عمر شیخ کو ستمبر میں سی سی پی او لاہور تعینات کیا گیا تھا ۔ وہ تعیناتی کے وقت سے متنازع رہے۔ اپنی تعیناتی کے بعد انہوں نے مشہور لاہور موٹروے زیادتی کیس کے بعد بیان دیا کہ خاتون کو رات کے وقت سفر نہیں کرنا چاہیے تھا جس کے بعد ان پر کافی تنقید بھی ہوئی اور انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تاہم حکومت کی جانب سے عمر شیخ کا باقاعدہ دفاع کیا جاتا رہا۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی تھی اگر انہیں آئی جی پولیس کی جانب سے بھی ہدایات ملیں تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی کام نہیں کرنا۔

حالیہ دنوں میں انہوں لاہور ہائی کورٹ پر تنقید کی تھی کہ جب پولیس مجرمان کو پکڑتی ہے تو عدالت انہیں رہا کرتی ہے۔ اس بیان کے ردعمل میں عدالت نے کہا تھا کہ عدالت کسی کو ضمانت آئین کے مطابق دیتی ہے۔ عدالت نے عمر شیخ کے بیان کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے عمر شیخ کے انٹرویو کی تفصیلات مانگی تھیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button