پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پاکستان نے بنگلادیش کو ٹی ٹونٹی سیریز میں ہرادیا ، دوسرے ٹی ٹونٹی میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی

خلیج اردو
20 نومبر 2021
ڈھاکا : پاکستان نے بنگلادیشن کو تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی۔ پاکستان نے باآسانی بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے ۔

اس سے قبل بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 108 رنز ہی بناسکی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی بیٹسمین کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے نہ دیا۔

اوپنر سیف حسن شاہین کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے یکے بعد دیگرے بنگلادیش کی وکٹیں گرنے لگیں۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 جب کہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے ہدف 18.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ کپتان بابر اعظم صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے اچھی پارٹنرشپ قائم کی۔

اوپننگ بیٹسمین محمد رضوان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان 57 اور حیدر علی 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی کے ہیرو فاسٹ بولر حسن علی نے 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

آج کی جیت سے تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل ہوئی ہے۔ دونوں ٹیمیں آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلیں گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی ہوگی۔

Source : Geo News

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button