پاکستانی خبریں

پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے، ایئرچیف

خلیج اردو

عاطف خان خٹک

اسلام آباد: پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز پر 07 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

 

یوم فضائیہ کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے۔ وطن کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ قوم کی پکار پر لبیک کہا اور 1948، 1965 اور 1971 کی جنگوں، آپریشن سینٹینل اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران اپنے خون سے عظیم داستانیں رقم کیں۔

 

ایئرچیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے خلائی، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر، مخصوص  ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی صلاحیت میں ترقی کے لیے کوشاں ہے۔

 

انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران امدادی کاروائیوں اور ریسکیو کے عمل میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

 

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ آج کے اہم دن پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے آظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سنیئر افسران بھی شریک رہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button