پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پاکستان اور بیلجیئم میں افواج کی سطح پر دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر اتفاق

خلیج اردو
بیلجیئم : پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بیلجیئم کے سرکاری دورے پر ہے جہاں ان کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے بیلجیئم کی وزیر دفاع مسز لوڈیوائن ڈیڈونڈر سے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف نے بیلجیئم کے چیف آف ڈیفنس ایڈمرل مائیکل ہوفمین اور بیلجیئم کی بری فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل پیئر جیرارڈ سے بھی ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بیلجیئم کی قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے مخلصانہ کوشیں قابل قدر ہیں۔ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں وسعت کے لیے پرعزم ہیں۔

ان ملاقاتوں میں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افواج کی سطح پر دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس سے قبل آرمی چیف نے یورپین خارجہ ایکشن سروسز کے سیکرٹری جنرل سٹیفانو سانینو اور یورپین یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل کلاڈیو گرازیانو سےملاقاتیں کیں۔

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی ،دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی تعاون میں وسعت کاخواہاں ہے۔

یورپی یونین حکام نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا جبکہ ہر سطح پر تعاون میں اضافے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button