پاکستانی خبریںسپورٹس

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی بادشاہت ثابت کر دی

قومی ٹیم 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی بادشاہت ثابت کر دی، قومی ٹیم 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان 9 سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا، جس کے بعد دنیا بھر کے شائقین اور ماہرین کرکٹ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بادشاہ قرار دینے لگے ہیں۔

نمیبیا کیخلاف فتح کے بعد بتایا گیا ہے کہ پاکستان پانچویں مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ اب تک کل 7 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں پاکستان صرف 2014 اور 2016 کے ایڈیشنز میں سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اب تک دنیا کی کوئی بھی کرکٹ ٹیم 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

اس کے علاوہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں نمیبیا کو شکست دینے کے بعد ایک اور شاندار اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 14 سال کے دوران کھیلے گئے 7 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹس کے دوران پاکستان کبھی بھی گروپ مرحلے کے تمام میچز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ پاکستان گروپ مرحلے کے اپنے ابتدائی چاروں میچز میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

دوسری جانب پاکستان کے سیمی ٹاکرے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گروپ 2 میں پاکستان اس وقت تمام چاروں میچز جیت پر پہلے نمبر پر موجود ہے، اگر پاکستان سکاٹ لینڈ کیخلاف بھی فتح حاصل کر لیتا ہے، تو اس صورت میں پاکستان گروپ 2 کی لیڈنگ ٹیم ہو گی اور یوں پاکستان اپنا سیمی فائنل ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ 1 میں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کیخلاف کھیلے گا۔

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو 45 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پاکستان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت 190 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہا۔ جواب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button