پاکستانی خبریںعالمی خبریں

پاکستان کو وعدے کے مطابق پیشگی شرائط پر عمل کرنا ہوگا، آئی ایم ایف

خلیج اردو: آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کو قرض پروگرام کی بحالی کیلئے پیشگی شرائط پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، سعودی عرب اپنے آئی ایم ایف قرض کا کوٹہ پاکستان کو منتقل کر سکتا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اس پر بات چیت بھی جاری ہے تاہم پاکستان کو وعدے کے مطابق پیشگی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیشگی شرائط پر عمل درآمد میں تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا، ان شرائط پر عمل درآمد کے بعد ہی آئی ایم ایف کا بورڈ معاہدے کی منظوری دے گا۔

پیشگی شرائط میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازخود تعین ہونا شامل ہے اور وعدے کے مطابق پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی وصول کرنے کی شرط پر عمل ضروری ہے۔

نیپرا کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد اسٹاف لیول معاہدے کا حصہ ہے، نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے پر بلاتاخیر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ انتظامی معاملات میں بہتری کے لئے نیب سمیت احتساب کے اداروں کا جائزہ لینا ضروری ہے، صوبائی اینٹی کرپشن کے محکموں کو بھی مزید مؤثر بنانا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان میں کسی بھی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے اور اسے پاکستان میں مجوزہ نگران حکومت سے مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button