پاکستانی خبریں

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری: عمران خان ریڈ لائن ہے، کارکنان کا جواب

خلیج اردو

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مرکز میں حزب اختلاف کی جماعت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں جس کے بعد کارکنان کی بڑی تعداد بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ پہنچ گئی ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری دھمکی کیس میں اسلام آباد پولیس نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ نمبر 407 میں عمران خان کےوارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے۔ پولیس کی درخواست پر علاقہ مجسٹریٹ

رانا مجاہد رحیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو پینل کوڈ کی دفعہ 188\189 اور 504\506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔

 

تاہم ان خبروں کا بہت سخت ردعمل آیا ہے اور وارنٹ گرفتاری کا سنتے ہی پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ پہنچ گئی اور احتجاج کیا۔ عمران خان کے حق اور حکومت مخالف نعرے بازی بھی کی۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر خاتون جج کے خلاف دھمکی آمیز بیان کے مقدمے میں عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعہ ختم ہوگئی تھی تاہم مقدمے میں عمران خان نے باقی دفعات میں ضمانت نہیں کروائی تھی۔ عدالت نے عمران خان کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

 

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وارنٹ گرفتاری ایک قانونی عمل ہے۔عمران خان نے سیشن کورٹ سے ابھی تک اپنی ضمانت نہیں کروائی۔ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔ پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button